لکی مروت (آن لائن)فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں 17سویلین ورکرز کو اغوا کر لیا ہے، سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی شروع کردی اور آٹھ مغوی ورکرز کو با حفاظت باز یاب کروا لیاجبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو دن کے وقت فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں سترہ سویلین ورکرز کو بھتہ خوری کے لئے اغوا کر لیا، ان سویلین ورکرز کو کبل خیل، لکی مروت کے علاقے سے اغوا کیا گیاَ ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے سویلین ورکرز نہتے تھے، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے سویلین ورکرز کو اغوا کرنے کے بعد وہاں کے مقامی ٹھیکدار کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کی اِن پاکستان اور عوام دشمن بیہمانہ کارروائیوں کا دین اور اسلامی اقدار سے کوئی تعلق نہیں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب تک آٹھ مغوی ورکرز کو بحفاظت باز یاب کروا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق باقی نہتے ورکرز کو بھی باز یاب کروا لیا جائے گا، انشاء اللّٰہ اور اس سلسلے میں آپریشن جاری ہے، اس بیہمانہ اقدام کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
Comments are closed.