چیف الیکشن کمیشن اور ممبران کی تقرری پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت کا آغاز نہیں ہوسکا،بیرسٹر گوہر علی

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہرعلی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمیشن اور ممبران کی تقرری پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت کا آغاز نہیں ہوسکا،وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کریں گے تو باضابطہ پراسس شروع ہو گا،آئین کے تحت وزیراعظم نے خط لکھنا ہے۔یہاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے معاملہ پر کہا کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں تاحال مشاورت کا آغاز نہ ہو سکا، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے لیے وزیراعظم نے پہلے نام بھجوانے ہیں،وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے رابطہ کریں گے تو باضابطہ پراسس شروع ہو گا۔ بیرسٹر گوہرنے کہا کہ وزیراعظم کے بھجوائے گئے ناموں پر غور کے بعد اپوزیشن لیڈر جواب دیں گے

، اپوزیشن لیڈر چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے لیے نام وزیراعظم کو دیں گے، وزیراعظم کے رابطہ کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت وزیراعظم نے مشاورت کے لیے پہلے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھنا ہے۔بیرسٹر گوہرنے مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس سے متعلق گفتگومیں کہا کہ اسد قیصر نے سپیکر ایاز صادق سے رابطہ کیا تھا، سپیکر ایاز صادق بیرون ملک تھے، اس لیے اجلاس بابت نہیں کہا، مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کے لیے سپیکر سے رابطہ کریں گے۔ بیرسٹر گوہرنے کہا کہ تحریک انصاف آئندہ اجلاس میں اپنے مطالبات تحریری پیش کرے گی،تحریک انصاف کے دو ہی مطالبات ہیں جو سب کو پتہ ہے۔

Comments are closed.