نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں‘وزیرِ اعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سنوکر چیمپئین محمد آصف کی ملاقات ہوئی۔وزیرِ اعظم نے محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک سنوکر چیمپیئمن شپ جیتنے پر مبارکباددی اور محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا۔وزیرِ اعظم نے محمد آصف سے گفتگومیں کہا کہ آپ نے سنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

تین مرتبہ ورلڈ ایمیچئیور سنوکر چیمپیئمن شپ اور تین مرتبہ سارک سنوکر چیمپیئن شپ جیت کر آپ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، پاکستان کا نام روشن کیا۔ حکومت، پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔محمد آصف نے وزیرِ اعظم کی جانب سے قومی سطح پر پزیرائی پر شکریہ ادا کیا اورکہا کہ حکومتی سر پرستی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ھے اور میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیرِ اعظم نے میری پزیرائی کی۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو، محمد آصف کے ساتھ مل کر ملک میں، سنوکر کے مزید کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے اقدامات کی ہدایت جاری کی تاکہ نوجوانوں میں اس کھیل کو مزید فروغ ملے۔

Comments are closed.