کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، قائم مقام صدر

اسلام آباد(آن لائن)قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے یوم کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن پوری پاکستانی قوم اور سینیٹ آف پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے دہائیوں سے بے پناہ قربانیاں دے کر اپنی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھا ہوا ہے۔

ان کا عزم اور حوصلہ دنیا بھر کے حریت پسندوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں۔ قائمقام صدر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی محاذ پر ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ ہم اقوامِ متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حق دلانے میں اپنا مثر کردار ادا کریں۔

قائمقام صدر نے مزید کہا کہ تمام پاکستانی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور ہم اس کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔۔

Comments are closed.