رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی
چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت
لاہور(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمت کے کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اشیائے خور و نوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘گزشتہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی اسمگلنگ پر سخت کارروائی کی جس سے چینی کی اسمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی۔ وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کو چینی کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر اسٹاک موجود ہے‘صوبائی سطح پر چینی کی ارزاں نرخوں پر فروخت کے لئے فئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں‘چینی کی اسمگلنگ مکمل ختم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات لئے جائیں گے اور اسمگلرز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے بتایا کہ چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی سطح پر مستعدی سے کام کرے گی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں موجود تھے۔
Comments are closed.