قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، دعا ہے آئی ایم ایف کا یہ آ خری پر وگرام ہو ، شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے، دعا ہے کہ یہ ہمارا آخری پروگرام ہو کیوں کہ قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں۔ہنر مند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے، کھربوں روپے کا سرمایہ نوجوانوں کی ٹریننگ پر نچھاور کریں گے تو پاکستان دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک بنے گا۔ پرائم منسٹرڈیجیٹل یوتھ ہب کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہنر مند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے، اگر دیگر ممالک کے پاس تیل، گیس اور معدنیات کے وسائل ہیں تو ہمارے پاس کروڑوں نوجوان ہیں جو پاکستان کا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھربوں روپے کا سرمایہ نوجوانوں کی ٹریننگ پر نچھاور کریں گے تو پاکستان دنیا کا سب سے ترقی یافتہ ملک بنے گا

،ان کا کہنا تھا کہ رانا مشہود کو پروڈکٹیو ایمپلائمنٹ کا ٹاسک دیا گیا، نوجوانوں کو خودمختار بنانے کیلئے درکار اخراجات فراہم کئے جائیں گے، ہمارے ٹریننگ سینٹرز میں بہترین ٹرینرز آنے چاہئیں، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین ہنر سے نوازیں گے، ہنر مند نوجوانوں کی بدولت ملک کا مستقبل شاندار بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج کی دنیا جدید ٹیکنالوجی کی متقاضی ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی، اور ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی تو ملک ترقی کریگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے قرضے 77 سالوں میں بڑھے ہیں، دعا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، آئی ایم ایف پروگراموں سے معیشت میں استحکام آتا ہے، اب ہم نے قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں آخری دم تک نوجوانوں کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا، کسان، صنعتکار اور نوجوان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے، خادم بن کر پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ اربوں کھربوں کے ٹیکس کیسز عدالتوں میں زیرالتوا ہیں، حال ہی میں ایک فیصلے کے بعد 34 ارب روپے خزانے میں آئے۔

Comments are closed.