ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ احمد آباد میں گرکر تباہ، 240 سے زائد افراد سوار،30ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی شہر احمد آباد میں سرکاری ائیرلائن ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ کے قریب ائیر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ گرگیا جس میں عملے کے 12 ارکان سمیت 242 مسافر سوار تھے۔ جب کہ حادثے کے شکار طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔ حادثے میں30 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے ۔

طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے برمنگھم جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈز بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہیکہ حادثے کے شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر ائیر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے برطانیہ جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈز بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا۔ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محض 625 فٹ اوپر اڑ سکی اور پھر ٹیکنیکل طور پر گرکر تباہ ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ آبادی پر گرکر تباہ ہوا ۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے شکار طیارے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر نے ایک بج کر 38 منٹ پر اُڑان بھری تھی، پرواز سے اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد احمدآباد ایئرپورٹ فی الحال آپریشنل نہیں، ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

Comments are closed.