پاک بھارت جنگ بندی میں ٹرمپ کا کردار نہ ہونے کے بھارتی دعوے کو امریکا نے جھوٹا قرار دے دیا

واشنگٹن (آن لائن) امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کردار سے انکار کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بعض بیانات خود ہی اپنی حقیقت ظاہر کر دیتے ہیں، اور جدید دور میں سچ جاننے کے لیے کسی ایک تبصرے پر انحصار نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بعض آراء غلط ہوتی ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس مسئلے کو کافی واضح کر دیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی پاک بھارت مذاکرات میں شامل تھے اور ان کا کردار تسلیم کیا جانا چاہیے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی حکومت مسلسل یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں امریکا کا کوئی کردار نہیں تھا۔

Comments are closed.