پیپلز لبریشن آرمی چین کا 98ویں یوم تاسیس ، جی ایچ کیو راولپنڈی میں پروقار تقریب

راولپنڈی(آن لائن) پیپلز لبریشن آرمی چین کے 98ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہا تقریب میں اظہار خیال، پاک چین دوستی کو ناقابلِ شکست قرار دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی جنرل ہیڈکوارٹرز میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 98ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک پْروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ تھے، جبکہ چینی ملٹری اتاشی میجر جنرل وانگ ڑونگ، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے

، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو 98ویں یوم تاسیس پر دلی مبارکباد پیش کی، اْنہوں نے پی ایل اے کے قومی دفاع، سیکیورٹی اور ترقی کے وڑن کو سراہا، آرمی چیف نے پاک چین دوستی کو وقت کی ہر آزمائش میں پورا اْترنے والا، منفرد اور ناقابلِ شکست رشتہ قرار دیا، اْن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کا سٹرٹیجک تعاون باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم پر مبنی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان آرمی اور پی ایل اے حقیقی معنوں میں بھائیوں کی مانند ہیں اور ان کی شراکت داری علاقائی استحکام کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،

چینی سفیر نے تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے کردار کو سراہا، اْن کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، تقریب کا اختتام دونوں ممالک کی دوستی کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا، جو ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے،،

Comments are closed.