پشاورہائی کورٹ کا9 مئی کے کیس میں سزا پانے والے پی ٹی آئی رہنماوٴں کوبڑ اریلیف

پشاور(آن لائن)ہائی کورٹ نے 9 مئی کے کیس میں سزا پانے والے پی ٹی آئی رہنماوٴں کوبڑ اریلیف دے دیاہے اوررہنما شبلی فراز اور زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔بدھ کوپشاور ہائی کورٹ نے دونوں رہنماوٴں کی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔پشاور ہائیکورٹ نے زرتاج گل اور شبلی فراز کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی۔عدالت نے زرتاج گل اور شبلی فراز کو 11 اگست تک متعلقہ ہائیکورٹ میں پیش ہوکر اپیل دائر کرنے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا ہے کہ اس وقت انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما سینیٹ میں سابق قائد حزب اختلاف شبلی فراز ،اورزرتاج گل نے عدم موجودگی میں سنائے جانے والے فیصل آباد کی عدالت کے فیصلے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی ۔درخواست میں اسلا م آباد پولیس سمیت دیگرکوفریق بنایاگیاتھا ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شبلی فراز انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں،

درخواست گزار کو حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کرسکے۔ پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے بھی پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت درخواست دائر کی ہے، زرتاج گل نے سید سکندر حیات شاہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ زرتاج گل کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی۔پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی عدم موجودگی میں عدالت نے سزا سنائی، درخواست گزار لاھور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنا چاہتی ہے

، درخواست گزار کو حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ اپیل دائر کرسکے۔ یاد رہے کہ 31 جولائی کو فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل وزیر سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 196 رہنماوں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنادی تھیں۔شیخ رشید کے بھیتجے شیخ راشد شفیق سمیت 58 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 9 ارکان کو نااہل قرار دیا تھا، تمام ارکان قومی اسمبلی وسینٹ کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی تھیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز، عمر ایوب ، حامد رضا، رائے حیدر، رائے حسن، رائے مرتضی، زرتاج گل، انصر اقبال اور جنید افضل کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔

Comments are closed.