وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ میں پرچم کشائی کی ‘ یادگار شہدا پر پھول چڑھائے
اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ میں پرچم کشائی کی اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ جمعرات کو یوم آزادی کے موقع پر یادگار شہدا پر مرکزی تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم محمد شہباز شریف تھے۔ علاقائی لباسوں میں ملبوس ننھے بچوں نے وزیر اعظم کو پھول پیش کئے جبکہ وزیر اعظم نے بچوں کو پیار کیا۔
اس موقع پر سائرن بجائے گئے اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ وزیر اعظم نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور مادر وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعاکی۔ اس موقع پر بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ، وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، عطااللہ تارڑ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سردار محمد یوسف، پروفیسر احسن اقبال اور محمد حنیف عباسی کے علاہ بڑی تعداد میں ارکان قومی اسمبلی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
Comments are closed.