اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے،وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو این ڈی ایم اے سے چوبیس گھنٹے رابطے میں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلابی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور امدادی کارروائیوں کے لئے ہدایات جاری کر رہے ہیں وزیراعظم نے چیئرمین ایم ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطہ رکھنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران وزیراعظم شہباز شریف تین مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے ذاتی طور پر ریسکیو و ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا حکومت کا فوکس ریلیف اور ریسکیو اقدامات پر ہے خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تمام ادارے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں چالیس کے قریب افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں این ڈی ایم اے کے پیشگی آگاہی نظام سے خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو باقاعدگی سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر چوبیس گھنٹے فعال ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
Comments are closed.