پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط‘چین سے دوستانہ تعلقات پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے‘فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاکچین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے، چینی وزیر خارجہ وانگ ای
بیجنگ(آن لائن) فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے،چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پورے پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے جبکہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاکچین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے،وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاکچین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات پر چین کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وانگ ای کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاکچین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے،پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت کی ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ دنیا میں پیدا ہوتے ہوئے غیر یقینی حالات میں مضبوط پاکچین تعلقات کو فروغ دینا علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت سودمند ہے، چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاکچین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں ممالک ایک مضبوط روایتی دوستی قائم کر چکے ہیں، چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا، چین عالمی امور میں پاکستان کے بڑے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ؛ چین پاکستان کا ”آہنی دوست” ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں۔
پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے، چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پورے پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چین کی قیادت سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو فعال طور پر فروغ دینے کے لیے تیار ہے، پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش جاری رہے گی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا کہ پاکچین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات اور ترقی کی راہ پر سفر جاری رکھا جائے گا۔
Comments are closed.