لاہور (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی جبکہ 35 لاکھ سے زائد افراد سیلابی صورتِ حال سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریلیف کیمپوں میں اس وقت تقریباً 30 ہزار متاثرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔عرفان کاٹھیا کے مطابق صوبے میں اب تک 3944 موضع جات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور 14 لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قادر آباد کے مقام پر چناب کا پانی دوبارہ نشیبی علاقوں میں داخل ہوگا اور جھنگ پہنچنے پر مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج میں گزشتہ دو ماہ سے ہائی فلڈ کی صورت حال برقرار ہے اور گنڈا سنگھ کے مقام پر 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ اسی طرح جسڑ کے مقام پر دریائے راوی کے بہاؤ میں بھی تیزی آ گئی ہے اور وہاں پانی کے دباؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 9 لاکھ کیوسک کا ایک بڑا ریلا 6 اور 7 ستمبر کی درمیانی شب سندھ میں داخل ہوگا جس سے وہاں کے نشیبی علاقے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
Comments are closed.