راہول گاندھی کا الیکشن کمیشن پر ووٹ چوروں کی حفاظت کا الزام، بی جے پی کی جیت کے لیے ووٹرز کی دانستہ حذف اور شامل کرنے کا انکشاف
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھارتی الیکشن کمیشن اور مودی حکومت پر جمہوریت کے قتل کا الزام عائد کیا ہے۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ بھارتی الیکشن کمیشن جان بوجھ کر بی جے پی کے مفاد میں کام کر رہا ہے اور ووٹرز کی لسٹ میں دھاندلی کر کے مودی کی حکومت کو کامیاب بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق راہول گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جان بوجھ کر کئی ایسے ووٹروں کے نام حذف یا شامل کیے جن کا تعلق اقلیتی اور پسماندہ طبقات سے تھا، جو کہ کانگریس کے حامی تھے۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے الانڈ حلقے میں 6,000 سے زائد ووٹرز کے نام حذف کیے گئے، جب کہ مہاراشٹر کے راجورہ حلقے میں 6,850 جعلی ووٹرز کے نام شامل کیے گئے، تاہم الیکشن کمیشن نے ان الزامات پر کوئی جواب نہیں دیا۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کرائم ڈیپارٹمنٹ نے 18 ماہ تک 18 خطوط لکھے، لیکن کمیشن نے کسی بھی شکایت کا جواب نہیں دیا۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے ایک ہفتے کے اندر تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔سابق چیف الیکشن کمشنرز نے بھی انتخابی عمل کی ساکھ پر شکوک و شبہات کے حوالے سے کمیشن کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا، اور کہا کہ یہ کمیشن کا فرض ہے کہ وہ انتخابات کی شفافیت اور درستگی کو یقینی بنائے۔
راہول گاندھی اور دیگر اپوزیشن رہنماوٴں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کی گٹھ جوڑ نے بھارتی جمہوریت کو دفن کر دیا ہے، اور مودی کے سفاک راج میں انتخابی دھاندلی عوامی رائے کو دبانے اور آمریت مسلط کرنے کا واضح ثبوت ہے۔ یہ الزامات بھارتی سیاست میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں، اور جمہوریت کے اصولوں کے دفاع کی ضرورت کو مزید اجاگر کر رہے ہیں۔
Comments are closed.