ڈیرہ اسماعیل خان (آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز نے انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں سات ہندوستانی سپانسرڈ خوارج مارے گئے ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین اور مادروطن پر قربان ہونے والے میجر سبطین حیدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔صدر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ خوارج کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر سبطین حیدر نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہونیوالے شدید فائرنگ کے تبادلے کوئٹہ کے 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وہ بہادری سے اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ بھارتی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جا ری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دہشتگرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے تھے۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہارِ تحسین کیا اورمیجر سبطین حیدر کی بہادری، قیادت اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میجر سبطین حیدر نے وطن کے دفاع میں اپنی جان نچھاور کر کے عظیم مثال قائم کی۔صدرِ مملکت نے شہید افسر کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ خوارج کا انجام ہمیشہ عبرتناک ہو گا۔پاک فوج اور قوم کا عزم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قائم رہے گا‘شہداء کی قربانیاں قومی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہیں۔اس آپریشن سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کے بہادر افسران و جوان دن رات وطن کی حفاظت میں مصروف عمل ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کے افسران و جوانوں پر فخر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے آپریشن میں شہید ہونے والے میجر سبطین حیدر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
Comments are closed.