اسلام آباد( آن لائن ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کچھ عناصر کی جانب سے ضمنی انتخابات کو متنازع بنانے کی کوششوں اور ضلعی انتظامیہ اور کمیشن کے افسران کی تعیناتی پر بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے اور الیکشن کمیشن کے افسران اس کام میں مصروف ہیں۔ اس دوران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر او) اور ریٹرننگ آفیسرز (آر او) کی ذمہ داریاں ضلعی انتظامیہ کے افسران کو دی گئی ہیں، جو مکمل طور پر قانونی اور کمیشن کے دائرہ اختیار کے مطابق ہیں۔
ذرائع نے واضح کیا کہ یہ الزامات محض قیاس آرائی، من گھڑت اور بے بنیاد مفروضے پر مبنی ہیں اور حقائق سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ اس کے علاوہ، خیبر پختونخواہ میں کیے گئے افسران کے تبادلے بھی صرف انتظامی بنیادوں پر معمول کے مطابق** کیے گئے ہیں اور یہ افسران اپنے ہی ڈومیسائل والے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے زور دیا کہ افسران کی تعیناتی اور تبادلے انتظامی ضوابط اور قانونی احکامات کے مطابق کیے جاتے ہیں اور کسی بھی افسر کی جان بوجھ کر تعیناتی یا تبادلے کا مقصد ضمنی انتخابات کو متاثر کرنا ہرگز نہیں۔
Comments are closed.