علیمہ خانم کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک‘ بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر پیشرفت سے آگاہ نہ کرنے پر سٹیٹ بینک کو نوٹس
راولپنڈی (آن لائن) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے حکم پر ایف آئی اے امیگریشن اور نادرا حکام نے عدالتی احکامات پر تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خانم کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا ہے جبکہ ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لئے کسی پیش رفت سے آگاہ نہ کرنے پر سٹیٹ بینک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دوبارہ رپورٹ طلب کرلی ہے عدالت نے مقدمہ میں شامل گاڑی کی سپرداری کروانے والے گاڑی کے مالک کو جیل بھجوادیا ہے۔
گزشتہ روز 26 نومبر کے احتجاج پر سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ کی سماعت کے موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ استغاثہ کے گواہوں اور مال مقدمہ کے ہمراہ عدالت میں موجود تھے تاہم علیمہ خانم وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے چھٹی مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے دوران سماعت نادرا اور امیگریشن حکام نے باضابطہ اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی عدالت نے سٹیٹ بنک کی جانب سے کوئی جواب موصول نہ ہونے پر دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے ہیں
دوران سماعت مقدمہ میں شامل گاڑی کی سپرداری کے مچلکے جمع کروانے والے راولپنڈی کینٹ کے رہائشی عارف خان عدالت میں پیش ہوئے تاہم وہ گاڑی عدالت میں پیش نہ کر سکے جس پر عدالت نے 10 لاکھ روپے جمع کروانے کا حکم دیا لیکن عارف خان کا موقف تھا اس کے پاس رقم یا کوئی جائیداد نہ ہے جس پر عدالت نے عارف خان کو 10 لاکھ روپے کی شورٹی جمع کروانے تک جیل بھجوادیا۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ چونکہ ملزمہ اور مقدمہ میں شامل گاڑیوں کے ضامنوں کی جائیداد بحق سرکار ضبط ہو چکی ہے جبکہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ چاروں گاڑیوں کے ضامنوں کی منقولہ جائیداد تلاش کر کے اسے بھی ضبط کیا جائے عدالت نے مزید کاروائی کے لئے سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی عدالت نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ میں مسلسل عدم حاضری پر علیمہ خانم کے ضمانتی مچلکے پہلے ہی ضبط کرتے ہوئے ملزمہ کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کے ساتھ تمام بنک اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت نے ملزمہ کے ضامنوں کی جائیداد بھی ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔ یاد رہے کہ اس مقدمے میں علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان نامزد ہیں مقدمہ میں علیمہ خانم پر کارکنان کو پرتشدد احتجاج پر اکسانے اور کارسرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔
Comments are closed.