اسلام آباد (آن لائن) ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی وائرس کے پھیلاوٴ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم تیز کر دی ہے۔ تازہ ترین سرویلینس رپورٹ کے مطابق انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے اب تک 39,268 مقامات کا تفصیلی معائنہ مکمل کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں ڈینگی کے 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 17 رورل ایریاز جبکہ 13 اربن ایریاز سے سامنے آئے۔ اس وقت مختلف اسپتالوں میں 63 مریض زیرِ علاج ہیں۔چیکنگ کے دوران 313 مقامات پر لاروا مثبت (پازیٹیو) جبکہ ایک مقام پر منفی (نیگیٹو) پایا گیا۔ فیلڈ عملے نے گھروں، دفتروں اور حساس مقامات پر مجموعی طور پر 1,452 مقامات پر اسپرے کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد مقامات کو سیل کیا گیا جبکہ کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ ڈینگی کے خلاف مہم کسی صورت سست روی کا شکار نہیں ہوگی اور لاروا کی افزائش میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور اطراف میں پانی کے جمع ہونے سے گریز کریں اور لاروا کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
Comments are closed.