راولپنڈی ( آن لائن) پاک فوج نے باجوڑ میں پاکستان، افغانستان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے اہم خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم سمیت چار خوارجیوں کو جہنم واصل کر دیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک گروہ کی مشتبہ نقل و حرکت کو بروقت شناخت کرتے ہوئے موٴثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔فوجی کارروائی میں چار خوارج ہلاک ہوئے، جن میں ایک اہم خارجی کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل ہے۔
امجد، خارجی رہنما نور ولی کا نائب اور بھارتی ایجنٹ فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امجد کے سر کی قیمت پانچ ملین روپے مقرر تھی اور وہ افغانستان میں رہ کر پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الخوارج کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی اور دراندازی کی کوششیں کر رہی ہے، جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں حاصل ہیں
پاکستان نے ایک بار پھر عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم باقی خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ مہم نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کے منظور شدہ وڑن کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جاری ہے۔
Comments are closed.