آزاد کشمیر میں ان ہاوٴس تبدیلی کا معاملہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار

مظفرآباد (آن لائن) آزاد کشمیر میں ان ہاوٴس تبدیلی کا معاملہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم چودھری انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد گذشتہ روز بھی پیش نہیں کی جا سکے گی اور اب اس عمل کو یکم نومبر تک موٴخر کر دیا گیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے اس صورتحال پر مشاورت کے لیے آج (جمعہ کو) اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی بھی شریک ہوگی۔

پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید ایوب نے اجلاس بلائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارتِ عظمیٰ کے متوقع امیدوار پر حتمی مشاورت کی جائے گی، جبکہ وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد یکم نومبر کو پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے تحریکِ عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ تعداد سے زائد اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم چودھری انوارالحق نے استعفیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے تحریکِ عدم اعتماد کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان تحریکِ عدم اعتماد سے متعلق فارمولہ طے پا گیا ہے، اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تحریک جمع کرائی جائے گی۔

Comments are closed.