وزیر اعظم کا چترال میں دانش سکول کا افتتاح، ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز
مئی میں بھارت کو شکست فاش دینے کے بعد دنیا پاکستان کی صلاحیتوں کی معترف ہے، وزیر اعظم
چترال( آن لائن )وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مئی میں بھارت کو شکست دینے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان کی صلاحیتوں کا کھل کر اعتراف کیا ہے اور متعدد بار پاکستان کی تعریف کی ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار چترال کے قریب اسپاغ لشٹ میں دانش سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کے احترام میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کو ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم دعوت کو فی الحال قبول نہیں کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ اب بھی تعاون کے منتظر ہیں تاکہ مل کر وطن عزیز کو عظیم سے عظیم تر بنایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے چترال کے عوام کی محبت، محنت اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سہولیات کی کمی کے باوجود یہاں کے لوگ مہذب اور تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بھی ہمیشہ چترال کی ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لی۔شہباز شریف نے کہا کہ دانش سکول چترال کے عوام کے لیے وفاقی حکومت کا ایک خصوصی تحفہ ہے جو اب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دانش سکولوں کا معیار ایچی سن کالج کے برابر ہوگا جہاں غریب اور یتیم بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ دسمبر میں دانش سکول کی عمارت پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا، جو ایک سال میں مکمل ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جن میں اپر چترال میں یونیورسٹی اور جدید ہسپتال کا قیام، 153 کلومیٹر طویل چترال-شندور روڈ کی 2026ء تک تکمیل، اور گیس پلانٹ منصوبے کی تکمیل شامل ہے۔
مزید برآں، وزیر اعظم نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو اگلے ہفتے چترال بھیجنے کا اعلان کیا تاکہ اپر چترال کے لیے بجلی کے یکساں ٹیرف کے حوالے سے اقدامات کیے جا سکیں۔ تقریب سے وفاقی وزیر امیر مقام نے بھی خطاب کیا اور مسلم لیگ (ن) حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت نے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔اس موقع پر سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے وزیر اعظم کو سپاسنامہ پیش کیا، جب کہ مسلم لیگ (ن) چترال کے ضلعی صدور عبدالولی خان ایڈووکیٹ اور سید احمد خان بھی موجود تھے۔
Comments are closed.