مسلح افواج نے ایک بڑے دہشت گرد حملے کے منصوبے کو ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے ایک بڑے دہشت گرد حملے کے منصوبے کو ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی اتحاد سے پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گا، اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اب دور نہیں۔
پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا منصوبہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) جیسے سانحے کو دہرانے کا تھا، مگر افواجِ پاکستان نے بہترین حکمتِ عملی اور بہادری سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ افواج ہماری بہادری ہیں، ان کی حکمت عملی قابلِ تحسین ہے۔ کارروائی کے دوران تمام دہشت گرد ہلاک ہوئے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کے منصوبے کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے اور پوری قوم کو دعا کرنی چاہیے کہ ہماری افواج فتح یاب ہوں۔ وزیر دفاع نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی پارلیمنٹ میں واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ منتخب رکنِ پارلیمان ہیں اور انہیں ایوان میں خوش آمدید کہا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی اتحاد سے پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گا، اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اب دور نہیں۔
Comments are closed.