پی ٹی آئی جماعت پارلیمان میں پیش کی جانے والی ترمیمی تجاویز کا حصہ نہیں بنے گی، بیرسٹر گوہر علی خان

اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت پارلیمان میں پیش کی جانے والی ترمیمی تجاویز کا حصہ نہیں بنے گی ۔بلکہ پی ٹی آئی احتجاج، واک آوٴٹ اور تقاریر کے ذریعے اپنا موٴقف بھرپور انداز میں پیش کرے گی۔ نواز شریف اب پاکستانی سیاست سے غیر متعلق ہو چکے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ موجودہ ترامیم میں شامل ہونا عوامی مینڈیٹ کے منافی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ ہم اس ترمیمی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پارلیمان میں احتجاج بھی کریں گے اور واک آوٴٹ بھی۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ نواز شریف کی پارلیمنٹ آمد پر پی ٹی آئی انہیں خوش آمدید کہے گی یا نہیں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ آئیں یا نہ آئیں، اب پاکستانی سیاست سے غیر متعلق ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف یہ خیال کر رہے تھے کہ ان کی آمد پر ریڈ کارپٹ بچھایا جائے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا، پارلیمان میں کسی نے ان کے لیے ریڈ کارپٹ نہیں بچھائی۔

نواز شریف نے ایوان میں آ کر صرف تین الفاظ بولے ، جو ان کی سیاسی غیر فعالی کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو یاد دلانا چاہیے کہ وہ خود ماضی میں راجہ پرویز اشرف کی حکومت کے خلاف پٹیشن لے کر چیف جسٹس افتخار چوہدری کے پاس گئے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف خود وکیل بن کر میمو گیٹ کمیشن بنوانے نہیں گئے تھے؟ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور پارلیمان میں جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

Comments are closed.