ملک میں دہشت گردی کے حوالے سے تمام اداروں کو بلا کر بریفنگ لی جائے‘ اسحاق ڈار

اسلام آباد(آن لائن) نائب وزیر اعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حوالے سے تمام اداروں کو بلا کر بریفنگ لی جائے‘ 2021سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے‘پاکستان نے چار سال کے بعد کھلے دل سے افغانستان کے ساتھ تجارت،افغان مہاجرین اور دیگر مسائل پر بات کی اور اس پر ہماری جانب سے عمل درآمد کیا جاچکا ہے۔ اس حوالے سے افغان حکومت کے کابینہ ممبران اور اہم حکومتی عہدیداران سے ملاقاتیں ہوئیں ہم نے ان سے ایک مطالبہ کیا تھا کہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں اور ٹی ٹی پی کو کنٹرول کریں۔

سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین ریل کا ایک معاہدہ بھی دستخط کیا گیا اور افغان حکومت نے اس معاہدے کو بھی سراہا ہم نے ان سے دوبارہ کہا کہ افغانستان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ تیسری بار چین کی درخواست پر کابل میں میٹنگ کی اور ہماری طرف سے مکمل تعاون ہے مگر دوسری جانب ہمیں اپنے فوجیوں اور عوام کی لاشیں اٹھانی پڑتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جہاد پر اربوں روپے کے اخراجات ہوئے ہیں ہم نے ضرب عضب اور اپریشن رد الفساد اپریشن کیا اسی طرح کراچی میں آپریشن ہوا جس سے کراچی کی رونقیں بحال ہوئی اور اس کے بعد سے دہشت گردی میں بہت زیادہ کمی ہوئی تھی مگر اب اس میں ساڑے چھ سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں ہماری اپنی غلطی ہے ہم نے وہاں پر چائے پی اور اپنے سرحدیں کھول دیں اور اس وقت سو سے زیادہ جرائم پیشہ دہشت گردوں کو رہا کیا اور 35سے40ہزار دہشت گرد واپس آئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹی ٹی اے اور ٹی ٹی پی ایک ہی ہیں اور ماضی میں بھی مل کر کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بہت مشکل مسئلہ ہے اس مسئلے پر داخلہ اور دفاع کے حکام ایوان کو بریفنگ دیں۔۔

Comments are closed.