میٹا کے اعلیٰ سطحی وفد کی وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ سے اہم ملاقات

اسلام آباد( آن لائن )میٹا کے اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم، ٹیکنالوجی گورننس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے حفاظتی ڈھانچے پر جامع گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں وزارتِ آئی ٹی کی پالیسی کمیٹی بھی موجود تھی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ڈیجیٹل پالیسی، صارفین کے تحفظ، آن لائن سیفٹی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سیکیورٹی سے متعلق اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد اور وزیر نے خصوصی طور پر خواتین اور بچوں کی آن لائن سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیا اور اس ضمن میں موٴثر پالیسی اور تکنیکی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔آن لائن فراڈز، انٹرنیٹ پر بڑھتے ہوئے جرائم اور ان سے بچاوٴ کے حفاظتی پروٹوکولز پر تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ شہریوں کو آن لائن خطرات سے بچانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مضبوط رابطہ ناگزیر ہے۔پاکستان اور میٹا نے ایک محفوظ، ذمہ دار اور شفاف ڈیجیٹل اسپیس کی تشکیل کے لیے اپنے مشترکہ تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کو پاکستان میں ڈیجیٹل سیکٹر کی بہتری اور عالمی ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنے کی طرف ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.