لاہور (آن لائن) پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 130 سے متعلق الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیاہے اور رواں ہفتے درخواست دائر کی جائیگی یاسمین راشد نے اس سلسلے میں جیل میں اپنی لیگل ٹیم سے مکمل مشاورت کی ہے جس کے بعد آئندہ قانونی حکمت عملی طے کی گئی اور ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کو ہدایت دی ہے کہ لاہور کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو فوری طور پر عدالت میں چیلنج کیا جائے،
وکیل رانا مدثر عمر نے تصدیق کی ہے کہ یاسمین راشد نے این اے 130 سے متعلق فیصلے کو بلا تاخیر عدالت میں لے جانے کی ہدایت کی ہے تاکہ قانونی حق کا تحفظ کیا جا سکے۔رانا مدثر عمر نے بتایا کہ ٹریبونل کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے لیے باقاعدہ طور پر اپلائی کر دیا گیا ہے، جیسے ہی فیصلے کی مصدقہ کاپی موصول ہو گی متعلقہ عدالت میں پٹیشن دائر کر دی جائے گی تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق کیس کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یاسمین راشد کے وکیل کا کہنا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے کیس میں حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور تکنیکی بنیادوں پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی الیکشن پٹیشن مسترد کر دی گئی۔واضح رہے کہ لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی نواز شریف کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن کو ناقابلِ سماعت قرار دیا تھا۔
Comments are closed.