خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی ان کا بنیادی حق ہے، صوبے میں ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، عطاء اللہ تارڑ

پشاور (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی ان کا بنیادی حق ہے، صوبے میں ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ شیڈو کابینہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ جبکہ بیانیہ کی پالیسی زور پکڑ رہی ہے۔ خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارمز فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ طالب علمی کی سیاست نے انہیں بہت کچھ سکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی ان کا بنیادی حق ہے اور صوبے میں ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیڈو کابینہ بنانا وقت کی ضرورت ہے جبکہ بیانیہ کی پالیسی زور پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان منصوبوں نے جمہوری روایات کو فروغ دیا اور صوبے میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ سکیم شروع کی،

جس سے کورونا کے دوران تعلیم اور ورک فرام ہوم ممکن ہوا۔وفاقی وزیر نے دانش سکولز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نادار اور حق دار طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور دانش سکولز کا دائرہ کار اب پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں تک بڑھایا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ سیاسی سرگرمیاں بعض اوقات نقصان دہ ہو سکتی ہیں اور فیک نیوز و ڈس انفارمیشن معاشرے کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور یہ وسائل صرف صوبے کے عوام کی ترقی پر خرچ ہونے چاہئیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ دانش سکولز سے فارغ التحصیل طلبہ آج مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور بہترین روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں پی کے ایل آئی سے آر آئی سی تک عوام کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔

عطاء اللہ تارڑ نے سیف سٹی منصوبے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ عوام کی حفاظت اور بروقت کارروائی کے لیے شروع کیا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات صوبائی حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں مقابلہ اور شفاف ترقی و خوشحالی کا ہونا ضروری ہے، جبکہ انتقام اور گالم گلوچ کی سیاست کسی کے بھی حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ آخر میں وفاقی وزیر اطلاعات نے یوتھ اسمبلی کے ارکان سے حلف لیا اور نوجوانوں کے لیے فعال اور موثر کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

Comments are closed.