رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، ادارہ شماریات

اسلام آباد (آن لائن) رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ جولائی تا جنوری کے عرصے میں تجارتی خسارے میں 28.22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ اعدادوشمار ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ تجارتی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران درآمدات میں 9.42 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 7.09 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس عرصے میں ملک کی مجموعی درآمدات کا حجم 40 ارب 23 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ برآمدات کا حجم 18 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 کے دوران تجارتی خسارہ 2 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔ جنوری میں درآمدات کا حجم 5 ارب 78 کروڑ 60 لاکھ ڈالر جبکہ برآمدات 3 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں۔تاہم ماہانہ بنیادوں پر کچھ بہتری بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں تجارتی خسارے میں 28.53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی دوران برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 34.96 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 4.85 فیصد کمی ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق اگرچہ ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں اضافہ حوصلہ افزا ہے، تاہم مجموعی تجارتی خسارہ معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے برآمدات میں مسلسل اضافہ اور درآمدات میں توازن ناگزیر ہے۔

Comments are closed.