ایف پی سی سی آئی ، جی ایس پی پلس کے خلاف پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا مسترد

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی مرکزی قیادت نے جی ایس پی پلس کے خلاف پروپیگنڈا مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی لائف لائن ہے افسوس ہے کہ تحریک انصاف والے اس کے خلاف بول رہے ہیں یہ قابل قبول نہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے رہنماوٴں نے کہا کہ یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم پاکستان کی معیشت کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوئی ہے۔

پاکستان نے سال 2023 میں جی ایس پی اسٹیٹس کی توسیع حاصل کر کے عالمی قوانین کی پاسداری کا عملی ثبوت دیا ہے، اور حکومت و کاروباری برادری یورپی یونین کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہیں۔ایف پی سی سی آئی نے بتایا کہ جی ایس پی پلس کی بدولت یورپی یونین پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی عالمی مارکیٹ بن گئی ہے، جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل، لیدر اور سرجیکل مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا ہے۔ 2013 میں پاک یورپی تجارت 6.9 ارب یورو تھی جو اب 12.2 ارب یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔

اس اسکیم نے ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد دی ہے۔ایف پی سی سی آئی نے برآمدی حجم میں مزید اضافے کے لیے صنعتی لاگت میں کمی، شرح سود اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ ہم نے معرکہ حق جیتا، اب ہمیں معرکہ معیشت جیتنا ہے۔ ادارے نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کا بھی عندیہ دیا ہے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی لائف لائن ہے افسوس ہے کہ تحریک انصاف والے اس کے خلاف بول رہے ہیں یہ قابل قبول نہیں

Comments are closed.