پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی: ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں کلیدی کردار، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

تمام عمل سول و عسکری قیادت کی ہم آہنگ کوششوں کا نتیجہ تھا، حکومتی ذرائع

0

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے ایک ایسی سفارتی کامیابی حاصل کی ہے جو عالمی سطح پر تعجب کا باعث بنی، جب اس نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے قیام کو ممکن بنایا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، یہ تمام عمل سول و عسکری قیادت کی ہم آہنگ کوششوں کا نتیجہ تھا۔ منگل کا دن اور رات پاکستان کی سول و عسکری قیادت کے لیے انتہائی مشکل تھا، کیونکہ پاکستان نے ایک دن میں متعدد اہم عالمی کھلاڑیوں سے رابطے کیے تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے۔

حکومت نے امریکہ، ایران، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ کئی بار بات چیت کی، جب کہ چین اور روس کے ساتھ دن میں تین مرتبہ رابطے کیے گئے۔پاکستان کے اعلیٰ سطحی رابطوں کا آغاز منگل کی صبح سے ہوا، اور پہلا مرحلہ دن دس بجے تک جاری رہا۔ اس کے بعد دوسرا مرحلہ شام چھ بجے سے رات ساڑھے نوبجے تک جاری رہا۔ سب سے اہم اور فیصلہ کن رابطے رات پونے بارہ بجے شروع ہوئے اور صبح 4 بجے تک جاری رہے۔

وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر نے براہ راست ان رابطوں میں حصہ لیا، جب کہ وزارتِ خارجہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے پس پردہ کرداروں نے بھی اس اہم عمل کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔پاکستان کی یہ سفارتی کاوشیں آخر کار رنگ لائیں، اور عالمی سطح پر اس کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.