وفاقی کابینہ نے فنانس بل کی منظوری دے دی : گریڈ ایک سے سولہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 35 فیصد اضافہ منظور

اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی کابینہ نے فنانس بل کی منظوری دے دی ۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے گریڈ ایک سے سولہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 35 فیصد، گریڈ سترہ سے 22 تک تیس فیصد اضافہ، پنشن میں 17.5 فیصد اضافہ منظور کرلیا ۔کم سے کم اجرت 30ہزار روپے مقرر کی گئی ہے ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ کی تجویز پر بحث کے بعد فنانس بل کی منظوری دیدی ۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی بجٹ اجلاس میں وزارت خزانہ حکام نے بجٹ لے آوٴٹ پر بریفنگ دی ۔

کابینہ اجلاس میں دفاع کیلئے 1804 ارب روپے، 1150 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام، انفراسٹرکچر کیلئے 491.3 ارب روپے مختص کرنے، توانائی کے شعبے کیلئے 86.4 ارب روپے رکھنے، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی کیلئے 263.6 ارب روپے مختص کرنے، فزیکل پلاننگ اور تعمیرات کے شعبے کیلئے 41.5 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، ڈالرز کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں کمی سے دفاعی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا جاسکا۔وفاقی کابینہ نے آبی ذخائر اور شعبہ آب کیلئے 99.8 ارب روپے، سماجی شعبے کی ترقی کیلئے 241.2 ارب روپے، صحت کے شعبے کیلئے 22.8 ارب روپے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگراموں کیلئے 90 ارب روپے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 60.9 ارب روپے، خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع کیلئے 57 ارب روپے، سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کیلئے 33.7 ارب روپے رکھنے کی منظوری دی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن سے متعلق وفاقی کابینہ نے کم سے کم اجرت 30000 روپے،گریڈ ایک سے سولہ ، گریڈ سترہ سے 22تک تیس فیصد اضافہ،پنشن میں 17.5 فیصد اضافہ کی منظوری دے دی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری ملازمین کے وکیل بن گئے، وزیر اعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے گا، عوام کو درپیش مشکلات کا احساس ہے، عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ ہے، اندازہ ہے مہنگائی نے عام آدمی کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں 24 مئی اور 7 جون کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی دی گئی۔قبل ازیں پارلیمنٹ ہاوٴس آمد پر صحافی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ بجٹ میں عوام کے لیے کوئی ریلیف لا رہے ہیں؟ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ دعا کریں کہ ہم ایک اچھا بجٹ عوام کے لیے دے سکیں۔

Comments are closed.