450 غیر ملکیوں کی نشاندہی ہوگئی ،24 گھنٹوں میں واپس بھجوایا جائیگا، کمشنر راولپنڈی

راولپنڈی (آن لائن) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد غیر قانونی ثابت ہونے والے 450 افراد کو آئندہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا روانہ کردیا جائے گا غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا میں 1 ماہ لگ سکتا ہے ایک بھی شخص کی موجودگی تک آپریشن جاری رہے گا غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو محافظ بنا کر رکھنے والی غیر قانونی ہاوٴسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے تک 1 ہزار غیر ملکی رضاکارانہ واپس جاچکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز خیابان سر سید راولپنڈی میں ہولڈنگ سینٹر کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کمشنر نے کہا کہ افغان مہاجرین کے محفوظ انخلا کے لئے پورے ڈویڑن میں ہولڈنگ سنٹر قائم کئے گئے ہیں جہاں پر غیر قانونی مقیم باشندوں کو لاکر رکھا جاتا ہے اور جن کے پاس لائسنس، کارڈ اور قیام کے ثبوت موجود ہیں انہیں چھوڑ دیا جاتا یے انہوں نے کہا کہ صرف غیر قانونی مقیم لوگوں کو یہاں رکھتے ہیں،

جمعہ اور ہفتہ کو ان سب کو طورخم بارڈر سے ڈیپورٹ کریں گے انہوں نے واضح کیا کہ یہاں رکھے گئے افراد کو مہمانوں کی طرح رکھا جا رہا ہے کھانا پینا، میڈیکل اور سکیورٹی فراہم کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح تک یہاں جہلم سے 117, اٹک سے 240، راولپنڈی سے 14 راولپنڈی اور چکوال سے 75 افراد ہولڈنگ سنٹر میں موجود ہیں آج (بروز جمعہ)صبح انہیں یہاں سے کے پی کے روانہ کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد جو یہاں ہولڈنگ سینٹر لائے جا رہے ہیں ان کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہے جبکہ پولیس فیلڈ میں غیر قانونی مقیم افراد کو تلاش کرکے لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیٹا میں کچھ کنفیوڑن آ رہی ہے لیکن اس سب کا سی ٹی ڈی اور سیکریٹری یونین کونسل ڈیٹا مرتب کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن ختم ہونے تک 1 ہزار غیر ملکی رضاکارانہ طور پر راولپنڈی سے واپس جا چکے ہیں انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاوٴسنگ سوسائٹیوں نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو محافظ بنا رکھا تھا انکے خلاف بھی سخت آپریشن جاری ہے گزشتہ سال بھی 26 افراد قتل ہوئے آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایک بھی غیرقانونی مقیم غیر ملکی موجود ہے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری آپریشن کو مکمل کرنے میں تقریبا ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

Comments are closed.