پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے،بلاول بھٹو
مٹھی(آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں تاکہ عوام آس میں متحد نہ ہوسکیں۔مٹھی میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے،
ہم پہلے بھی اس کو مسترد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی ہے‘۔ اْن کا کہنا تھا کہ انشا اللہ عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو کھاد، بیچ کے حوالے سے مدد فراہم کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص مودی سرکار اور دنیا بھر میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دینے کے لیے تھرپار کے جیالے ہی کافی ہیں، ایسی طاقتوں کو پاکستان پیپلزپارٹی بہت اچھی طرح سے ہینڈل کرتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ابھی انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا مگر جس جوش و جذبے سے عوام نے جلسے میں شرکت کی اْس سے تھرپارکر کا فیصلہ ہوگیا ہے، 8 فروری کو انشاء اللہ تھرپار کر سے تیر، پیپلزپارٹی اور عوام کی جیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ قائد جمہوریت، بی بی نے جو نعرہ ’مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان‘ یہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا ماضی میں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی یہ نعرہ اْس وقت تک لگائے گی جب تک ملک سے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ختم نہیں ہوجائے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کارکردگی تھرپارکر ہے
، آئیں پوچھیں کہ یہاں پی پی کی حکومت کے بعد کتنا ترقیاتی کام ہوا، مواصلاتی نظام، ایئرپورٹ، صحت کے نظام سمیت ساری صورت بدل دی، یہاں تھرکول بلاک ٹو کا منصوبہ شروع ہونے سے معیشت بدل گئی ہے جبکہ یہاں کے 20 ہزار نوجوانوں کیلیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔چیئرمین پی پی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، کوئی جماعت بھی ایسی نہیں ہے جس کو مخالف مان سکوں، میری مخالف بے روزگاری، مہنگائی اور غربت ہے، ہم ملکر ان ساری چیزوں سے لڑیں گے اور عوام کو اْن کا حق دیں گے
Comments are closed.