پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ
کوئٹہ (آن لائن)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرکے سندھ میں قتل ہونے والے سینئر صحافی شہیدجان محمد مہر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا بی یو جے قیادت نے تین ماہ گزرنے کے باوجود صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی اور نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جبکہ بی یو جے قیادت نے کراچی میں جاری دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سخت احتجاجی لائحہ عمل اپنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا بی یو جے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر بی یو جے کے قائمقام صدر نور الہی بگٹی کی قیادت میں کیاگیا۔ مظاہر ے میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی صحافیوں کو تحفظ دینے، جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری اور آزادی صحافت کے حق میں اور بلوچستان میں شہید صحافیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی شرکا نے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے مظاہرے سے بی یو جے کے قائمقام صدر نورالہی بگٹی پی ایف یو جے کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایوب ترین کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد سول سوسائٹی کے نمائندگان میر بہرام لہڑی اور علاالدین خلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس صحافی کے قتل پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ سکھر پریس کلب کے سابق صدر و سینئر صحافی جان محمد مہر کو تین ماہ قبل قتل کیا گیا تاہم ملزمان آج بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ سکھر پریس کلب کے سامنے ایک ہفتے تک بھوک ہڑتال کی گئی شدید احتجاج کے باوجود قاتل گرفتار نہیں بلکہ پولیس واقعے کو ذاتی رنجش کا رنگ دے کر فائل بند کرنا چاہتی ہے مگر صحافی برادری ایسا نہیں ہونے دے گی، بی یو جے قیادت کا کہنا تھا کہ حکومت اور سندھ پولیس کے بے حسی کے باعث آج پی ایف یو جے کی قیادت کراچی میں دھرنا دے رہی ہے ہمارے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے مقررین نے حکومتی اور سندھ پولیس رویہ کی مذمت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کی چیف جسٹس ، جسٹس قاضی فائز عیسی نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے مطالبہ کیا کہ وہ سینئر صحافی کے قتل کے کیس کا نوٹس لیکر اصل ملزمان کی گرفتاری کیلئے کردار ادا کریں جو جے آئی ٹی بنائی گئی ہے وہ اپنا کام مکمل کرے بی یو جے اور پی ایف یو جے قیادت جان محمد مہر سمیت بلوچستان میں شہید کئے گئے صحافیوں کو انصاف دلانے سے متعلق اپنے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے اور پی ایف یو جے کی جانب سے ہر قسم کی احتجاجی لائحہ عمل پر مکمل اور بھر پور عمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسلام آباد کا رخ کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب پر سیاہ جھنڈا بھی لہرایا گیا
Comments are closed.