نگران وزیر داخلہ سے چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ کی ملاقات
اسلام آباد ( آن لائن ) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ کی ملاقات ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کئی دہائیوں پر مشتمل دوستی دنیا بھر کیلئے ایک مثال ہے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کا کامیاب دورہ کیا جس سے سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگلا ہدف دورے کے دوران کئے گئے معاہدوں کو عملی جامعہ پہنانا ہے چینی صدر شی جنگ پنگ کا گلوبل سیکیورٹی انیشیٹیو قابل ستائش ہے گلوبل سیکیورٹی کو بڑھانے کیلئے پاکستان ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیا ر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر چینی سفیر نے چینی باشندوں کو ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگردی ایک چیلنج ہے مگر ہم نے اسے پہلے بھی شکست دی اور انشاء اللہ اس مرتبہ بھی اس کا مکمل خاتمہ کرینگے ۔ملاقات میں سیکورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
Comments are closed.