سپریم کورٹ: چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر وکیل حامد خان کی استدعا منظور

اسلام آباد ( آن لائن)سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت وکیل حامد خان کی استدعا منظور کرتے ہوئے غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی، بدھ کوجسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف آپ نئی اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس اپنی باری پر سنا جائے گا۔

سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل تھے۔وکیل حامد خان نے کہاکہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ آیا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درخواست میں کچھ ترمیم کرنا چاہتا ہوں،اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لینا چاہتا ہوں،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تو نیا آرڈر آیا ہے،جس آرڈر کیخلاف آپ کی اپیل ہے اسے ہم اب بھی سن سکتے ہیں، حامد خان نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل کے فیصلے کا جائزہ لینے کی مہلت دیں

،عدالت نے حامد خان کی استدعا منظور کرکے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا کہ ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف آپ نئی اپیل بھی دائر کرسکتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کا کیس اپنی باری پر سنا جائے گا۔

Comments are closed.