مالی حالات کے پیش نظر ڈرامہ ”بلبلے“ کوصرف ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا: نبیل ظفر

لاہور (آن لائن) معروف اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار نبیل ظفر نے مشہور کامیڈی ڈرامہ بلبلے بنانے کی وجہ بتادی ۔نبیل ظفرنے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دراصل 2009تک ان کی مالی حالت کمزور ہو چکی تھی اور ان کے بچے بھی ہوچکے تھے، جن کی تعلیم اور دیگر اخراجات کیلئے وہ پریشان تھے۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کے اخراجات کیلئے پیسے بنانے کے چکر میں انہوں نے پہلے اپنا پروڈکشن ہاؤس بنایا اور پھر ادھار پر بلبلے بنایا۔نبیل ظفر کے مطابق انہوں نے ہدایت کار اور ڈرامہ لکھاری کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ ابھی ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، وہ جیسے ہی ڈرامے کو فروخت کریں گے اور انہیں پیسے ملیں گے تو وہ انہیں پیسے دے دیں گے۔انہوں نے بتایاکہ خرچہ بچانے کیلئے انہوں نے خود بھی بلبلے میں کردار ادا کیا اور انہوں نے اس وقت ڈرامے کو چینل کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا۔

Comments are closed.