توشہ خانہ کیس:ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری
اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کا کیس قابل سماعت قرار دینے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کر دیا ،تحریری حکمنامہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے جاری کیا،حکمنامے میں کہاگیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ یہ نظرثانی کا دوسرا راوٴنڈ ہے
پہلے مرحلے میں اس معزز عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کو منظور کیا ،درخواست گزار کے وکیل کے مطابق معزز عدالت نے آٹھ قانونی سوالات کیساتھ معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوایا،درخواست گزار کا موقف ہے کہ ٹرائل کورٹ نے اس عدالت کی طرف سے دئیے گئے وقت سے پہلے ہی فیصلہ سنادیا،درخواست گزار کا یہ بھی موقف ہے کہ انہیں ٹرائل کورٹ میں شنوائی کا مناسب موقع نہیں دیا گیا ،وکیل کے مطابق ٹرائل کورٹ اس معزز عدالت کے بھیجے گئے سوالات کا مناسب جواب نہ دے تو معاملہ کسی اور کورٹ کو بھجوایا جاتا ہے،درخواست گزار کے وکیل نے اس معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا ،درخواست گزار کے وکیل دلائل سننے کے بعد عدالت فریقین کو نوٹس جاری کررہی ہے،کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے میں کسی ایک دن مقرر کی جائے گی۔
Comments are closed.