اسلام آباد ہائیکورٹ،توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار ،بانی پی ٹی آئی کی نااہلی برقرار
اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی بانی پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی جس کے باعث عمران خان کی نااہلی برقرار ہے ۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے تناظر میں ہونیوالی کارروائیوں کو روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 11 دسمبر کو درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو جمعرات کو سنادیا گیاہے ۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے سزا معطل ہوسکتی ہے، فیصلہ نہیں، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔
ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا نہیں کی تھی۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات ختم ہو گئے۔ واضح رہے کہ توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل ہے جب کہ سزا کالعدم قرار دینے کے صورت میں الیکشن میں حصہ لیا جا سکتا ہے۔
Comments are closed.