پچھلے پانچ سال گھس بیٹھیوں نے لاہور پر قبضہ کر لیا تھا،کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، مریم نواز
لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزرمریم نواز نے کہا ہے کہ پچھلے پانچ سال گھس بیٹھیوں نے لاہور پر قبضہ کر لیا تھا اورکوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، خدمت کے جو نشان مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر گئی تھی وہ وہیں پر ہیں، 8فروری کو گھس بیٹھیوں کو اٹھا کر لاہور سے باہر پھینکنا ہے ، شیر پر جتنی مہریں لگیں گی اتنی تیزی سے ترقی ہو گی مہنگائی کا خاتمہ ہوگا، جتنی مضبوط شیر کی حکومت بناؤ گے اتنی تیزی سے مہنگائی کم ہو گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ پی پی 159میں انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، رانا مبشر اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز کا انتخابی حلقے میں آمد کے موقع پر جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔ خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ رانا مبشر اقبال اور دوسرے جن لوگوں نے انتخابی ریلی کا اہتمام کیا میں تہہ دل سے ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میں پی پی 159 کے عوام سے وعدہ کرتی ہوں آپ شیر کو فتح سے ہمکنار کراؤ ،لاہور سے وعدہ کرتی ہوں شیر کو فتح سے ہمکنار کراؤ ان شااللہ پہلے کی طرح آپ کی خدمت میں دن رات ایک کر دیں گے۔ آپ دیکھ لیں کہیں سے میٹرو بس گزر ہی ہے کہیں سے سپیڈو بس گزر رہی ہے جگہ جگہ نواز شریف، شہباز شریف اور شیر کی خدمت کے نشان نظر آئیں گے۔ آپ نے رانا مبشر کو بار بار ووٹ دے کر کامیاب کرایا ،یہ نواز شریف کا خاموش مجاہد ہے
، یہ آج حلقے میں اس لئے کھڑا ہے کیونکہ اس نے پانچ سال دن رات آپ کی خدمت کی ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ میں لاہور کو یہ بھی بتانا چاہتی ہوں مسلم لیگ (ن)نے یہاں خدمت کے ریکارڈ قائم کئے تھے ، پچھلے پانچ سال جب گھس بیٹھیوں نے لاہور میں گھس کر قبضہ کر لیا لیکن دیکھ لو خدمت کے نشان جو مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر گئی تھی وہ آج بھی وہیں پر بھی ہے لیکن ان پانچ سالوں میں ترقی کا پہیہ آگے نہیں بڑھا ، اورنج لائن منصوبے کو جسٹس (ر) ثاقب نثار ڈیڑھ سال روک کر بیٹھا رہا، مسلم لیگ (ن) کے جانے کے بعد یہاں کوئی ترقی نہیں ہوئی، لاہور لاوارث ہوگیا، یہاں پر کوڑا اٹھانے والا بھی کوئی نہیں رہا،ان گھس بیٹیھوں کو آٹھ فروری کا اٹھا کر لاہور سے باہر پھینکنا ہے، انہوں نے اپنی جیبیں بھری ہیں لیکن کام کوئی نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کے بعد ترقی کا سفر جہاں رکا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے اور اللہ کی ذات کے فضل سے اس حلقے سمیت پنجاب اورپاکستان کی تقدیر بدلیں گے
۔ انہوں نے کہا کہ 8فروری کو لاہور میں شیر دھاڑے گا، میں رانا مبشر اقبال کو پیشگی مبارکباد دیتی ہوں، پانچ سال بعد لاہور میں شیر ، ترقی اور خدمت واپس آئے گی، آپ مجھے کامیاب کرائیں میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں آپ کے مسائل حل کرنے میں جت جاؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کرو 8فروری کو کوئی گھر میں نہیں بیٹھے گا بلکہ دیوانہ وار نکلیں گے اور شیر پر مہر لگانی ہے، جتنی شیر پر مہریں لگیں گی اتنی تیزی سے ترقی ہو گی اور مہنگائی کا خاتمہ ہوگا۔ مریم نواز نے کہا کہ آپ سب نے مجھے ووٹ دینا ہے،نشتر کالونی کی بنیاد نوازشریف نے رکھی تھی، جدید نشتر کالونی کی بنیاد آپ کی بہن مریم نواز رکھے گی، آپ سب نے گھر گھر جا کر مسلم لیگ (ن) کا پیغام پہنچانا ہے، لاہور کی ترقی جو 5 سال سے رکی ہوئی تھی یہ ترقی دوبارہ شروع کرنا ہو گی، لاہور کے کونے کونے میں ترقی کا نشان ہو گا، جتنی مضبوط شیر کی حکومت بناؤ گے اتنی تیزی سے مہنگائی کم ہو گی، صحت، تعلیم کی سہولیات، روزگار کے مواقع دیں گے، آپ نے نواز شریف کو کامیاب کرانا اور وزیر اعظم بنوانا ہے ،لاہور ،پنجاب اور پاکستان کی قسمت بدلیں گے، آپ کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے، آپ کی خدمت میں کمی نہیں آئے گی، اگلے پانچ سال آپ کی خدمت کریں گے۔ مریم نواز نے کہاکہ اقلیتوں کا پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ہے، ہم ان کی ترقی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
Comments are closed.