صدر ایف پی سی سی آئی کی چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد سے ملاقات

کراچی (آن لائن) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے قومی معیشت کو رواں دواں رکھنے میں تاجر برادری کے کردار کو بھی سراہا جس کے ذریعے وہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اورمحصولات ادا کر رہے ہیں۔چیئرمین نیب نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ تاجر برادری کو سہولت فراہم کی جانی چاہیے اور ٹریڈ و انڈسٹری کوکسی صورت ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وفد میں سنیئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں،نائب صدر آصف انعام،سابق سنیئر نائب صدور ایف پی سی سی آئی خالد تواب، حنیف گوہر ،مظہر علی ناصر اورڈاکٹرمرزا اختیار بیگ، احمد چنائے ، مصطفی شیخانی اوردیگر ممتاز کاروباری رہنما ؤں کے علاوہ نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز حسنین احمد اور ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ جاوید اکبر ریاض بھی موجود تھے

۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ چیئرمین نیب نے ہمیں بتایا ہے کہ تاجروں کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے وہ کاروباری برادری سے متعلق زیر التواء نیب کیسز کا جائزہ لیں گے اور ایسے تمام مقدمات جو غلط اور غیر ضروری ہیں وہ ختم کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل تیزی سے مکمل ہونے کی توقع ہے اور اگلے دو ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گا۔ عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ تاجر برادری معاشرے کا سب سے پرامن اور قانون کی پاسداری کرنے والا طبقہ ہے؛ کیونکہ کاروباری، تجارتی، صنعتی،کمرشل اور اقتصادی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کے لیے ملکی قانون کی بالادستی ضروری ہے۔ صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے یہ بھی بتایا کہ چیئرمین نیب نے فیڈریشن کے وفد سے کہا کہ وہ تاجر برادری کے خلاف ہراساں کرنے یا رشوت ستانی کا کوئی بھی کیس ان کے علم میں لا سکتے ہیں؛ تاکہ وہ اس طرح کے معاملات کے حل میں کاروباری برادری کوسپورٹ کر سکیں

Comments are closed.