پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت قطعی طور پر ناقابل تسخیر اور مقدس ہے،قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد(آن لائن )قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت قطعی طور پر ناقابل تسخیر اور مقدس ہے،کسی کی طرف سے اور کسی بھی بہانے اسے پامال کرنے کی کوشش کا پوری ریاستی طاقت سے جواب دیا جائے گا، پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا جبکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ہر قسم کی دہشت گردی کی لعنت سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطا بق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے ر وز منعقد ہوا۔ جس میں قومی سلامتی کے امور پر غور کیا گیا۔ فورم نے صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا اور پاکستان کی خودمختاری کی بلا اشتعال اور غیر قانونی خلاف ورزی کے خلاف افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ، مربوط اور متناسب ردعمل کو سراہا گیا ۔ شرکا ء کو پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتحال اور خطے میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر اس کے اثرات کے حوالے سے سیاسی و سفارتی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے ”آپریشن مرگ بار سرمچار“ کا بھی جائزہ لیا ، جسے ایران کے اندر غیر حکومتی جگہوں پر مقیم پاکستانی نژاد بلوچ دہشت گردوں کے خلاف کامیابی کے ساتھ انجام کو پہنچا یا گیا۔ سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹ اور قومی خودمختاری کی مزید خلاف ورزی کی صورت میں جامع جواب دینے کے لیے ضروری مکمل تیاریوں کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ فورم نے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت قطعی طور پر ناقابل تسخیر اور مقدس ہے اور کسی کی طرف سے کسی بھی بہانے اسے پامال کرنے کی کوشش کا ریاست کی پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستانی عوام کی سلامتی اور تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ قومی سلامتی کمیٹی میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ ایران ایک ہمسایہ اور برادر مسلم ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ متعدد مواصلاتی چینلز کو علاقائی امن و استحکام کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے کے سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے باہمی طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔اجلاس میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے ۔کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ دہشت گردی کی لعنت سے اس کی تمام شکلوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ فورم نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اجلاس میں یہ نتیجہ بھی اخذ کیا گیا کہ اچھے ہمسائیگی کے تعلقات کے انعقاد کے عالمی اصولوں کے مطابق دونوں ممالک باہمی طور پر بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے چھوٹی موٹی رکاوٹوں پر قابو پا سکیں گے اور اپنے تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی راہ ہموار کریں گے۔

کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ نگران وزیر خارجہ نے سفارتی محاذ اور اعلی عسکری حکام نے پاک ایران سرحدی صورتحال پر شرکا کو مفصل بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں نگراں وزراء برائے دفاع، خارجہ امور، خزانہ اور اطلاعات، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف، چیف آف نیول سٹاف اور چیف آف ائیر سٹاف کے علاوہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ۔

Comments are closed.