حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی آج تہران میں نماز جنازہ ‘جمعہ کو دوحہ میں پورے اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی
تہران(آن لائن) حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی آج جمعرات کی صبح تہران میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور بعد ازاں میت دوحہ روانہ کی جائے گی جہاں جمعہ کو دوبارہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پورے اعزاز کے ساتھ اسماعیل ہنیہ شہید کی تدفین کی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں نماز جنازہ کے بعد میت قطر کے دارالحکومت دوحہ لائے جائیگی اور جمعے کے روز ایک بار پھر نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انھیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں بدھ کواسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے کل بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد رات قیام کے لیے تہران کے گیسٹ ہاوس پہنچے جہاں ان پر میزائل حملہ کیا گیا تھا۔حماس اور ایران نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت میں اسرائیل پر ذمہ داری عائد کی تاہم اسرائیل کی جانب سے تاحال نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی ہے۔
Comments are closed.