اسماعیل ہنیہ کو’شارٹ رینج پراجیکٹائل‘ سے شہیدکیا گیا‘پاسداران انقلاب
تہران(آن لائن) حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے حوالے سے ایرانی پاسداران انقلاب نے اہم انکشاف کردیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی خصوصی فوج سپاہِ پاسدارانِ انقلاب نے اپنی تحقیقات میں بتایا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو’شارٹ رینج پراجیکٹائل‘ سے شہیدکیا گیا اور میزائل میں 7 کلوگرام کا وار ہیڈ استعمال کیا گیا جبکہ اس میزائل کو حماس رہنما کی رہائش کے قریب سے فائرکیا گیا۔پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ یہ حملہ اسرائیل نے“مجرم”امریکی حکومت کی حمایت سے کیا تھا، جس پر تہران کا ردعمل شدید اور مناسب وقت پرہو گا۔
واضح رہے کہ پاسداران انقلاب کے خصوصی انٹیلی جنس یونٹ نے واقعے کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں۔ادھر ایران نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد متعدد فوجی اور انٹلیجنس افسروں کو گرفتار کرلیا۔امریکی اخبار‘ نیویارک ٹائمز’کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تحقیقات کے سلسلے میں متعدد ایرانی انٹیلیجنس اورفوجی افسران کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایران کے فوجی ذرائع کا بتانا ہے کہ ایران کے اس گیسٹ ہاؤس کے ملازمین کو بھی جہاں اسماعیل ہنیہ مقیم تھے گرفتار کیا گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق اسماعیل ہنیہ پر تہران میں قاتلانہ حملہ ایران کی سکیورٹی کے لیے بہت بڑا سوالیہ نشان ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایران کی پاسداران انقلاب کی خصوصی انٹیلیجنس ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو تہران میں اس وقت شہید کیا گیا جب وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری کے لیے تہران موجود تھے۔
Comments are closed.