مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی‘امریکہ کی اپنے شہریوں سے کسی بھی دستیاب ٹکٹ پر فوری لبنان چھوڑنے کی اپیل
بیروت (آن لائن)بیروت میں امریکی سفارتخانے نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اپنے شہریوں سے کسی بھی دستیاب ٹکٹ پر فوری لبنان چھوڑنے کی اپیل کردی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ایڈوائزری برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی کی اسی طرح کی انتباہ کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ علاقائی صورتحال ’تیزی سے خراب ہو سکتی ہے‘۔یاد رہے کہ تہران میں حماس سربراہ اسمعیل ہنیہ کے قتل کے بعد ایران نے اسرائیل کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنے کا عزم کیا ہے۔ اسمعیل ہنیہ کا قتل اسرائیل کی طرف سے بیروت میں حزب اللہ کے کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد ہوا تھا۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لبنان میں ایران کا حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ ایسی کسی بھی انتقامی کارروائی میں بھاری کردار ادا کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔حزب اللہ نے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 00:25 پر شمالی اسرائیل کے قصبے بیت ہلیل پر درجنوں راکٹ داغے ہیں۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیج میں اسرائیل کے آئرن ڈوم ایئر ڈیفنس سسٹم کو راکٹوں کو روکتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم اس حملے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔اردن کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے، جس میں لبنان میں رہنے والوں کو فوری طور پر وہاں سے نکلنے اور دوسرے شہریوں کو وہاں سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔کینیڈا نے بھی اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ لبنان کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے سفر سے گریز کریں، کیونکہ خطے میں انتباہ کے بغیر صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
Comments are closed.