امریکا کا یوکرین کو 32 کروڑ ڈالرز سے زائد کی فوجی امداد دینے کا اعلان

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 32 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے فوجی امدادی پیکج کی منظوری دینے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے 21 ستمبر کو وائٹ ہاوٴس میں امریکی ہم منصب سے ملاقات کی۔اس فوجی امداد کے تحت امریکا کی جانب سے یوکرین کو فضائی دفاع میزائل، ہیمارس راکٹ، ایوینجر فضائی دفاعی نظام، وائر گائیڈڈ میزائل، اینٹی آرمر سسٹمز اور گولہ بارود دیا جائے گا۔امریکا کی جانب سے چھوٹے اسلحے کے لیے 30 لاکھ سے زائد راوٴنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ اس پیکج کے تحت 59 لائٹ ٹیکٹیکل وہیکلز اور دیگر آلات بھی یوکرین کے حوالے کیے جائیں گے۔یوکرینی صدر امریکا سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی حاصل کرنا چاہتے تھے تاہم وہ اس پیکج میں شامل نہیں۔

یوکرینی صدر نے کہا کہ جو بائیڈن سے وائٹ ہاوٴس میں ملنا بہت اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ یوکرینی بچوں ہمارے خاندانوں، ہمارے گھروں، دنیا کی آزادی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہمارے اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے میں واشنگٹن آیا ہوں۔ یوکرین کو جو اسلحہ اور سامان فراہم کیا جائے گا۔ اس کی ایوان نمائندگان کانگریس سے منظوری حاصل کرنا ضروری نہیں بلکہ یہ پینٹاگون کے اسٹاک سے ہنگامی بنیادوں پر یوکرین بھیجا جائے گا۔امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس پیکج سے یوکرین کا فضائی دفاع مضبوط ہوگا جسے اس وقت روس کے تباہ کن فضائی حملوں کا سامنا ہے۔

Comments are closed.