لاہور(آن لائن) رومانوی کامیڈی فلم لو گرو نے عالمی سطح پر بولی وڈ کی بڑے بجٹ کی فلم ہاس فل 5 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔عید الاضحی پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی فلم لو گرو کو شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور ناظرین فلم میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی جوڑی کو بے حد پسند کررہے ہیں۔فلم میں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے، جب کہ ہمایوں سعید ایک ایسے کردار میں نظر آتے ہیں جو مختلف لڑکیوں کو اپنے عشق کے جال میں پھنساتا ہے۔لو گرو کی ہدایت کاری معروف فلم ساز ندیم بیگ نے کی ہے، جب کہ کہانی واسع چوہدری نے تحریر کی ہے، فلم میں مرکزی کردار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے ادا کیے ہیں۔فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتو اور پنجابی تڑکے والا مزاح بھی شامل ہے
، جو شائقین کو خوب بھا رہا ہے۔دیوا پاکستان کے مطابق برطانیہ میں ریلیز کے دوسرے ہفتے لو گرو نے 75 ہزار برطانوی پاونڈ (تقریبا 2 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے) کی کمائی کی، جب کہ اسی دوران ہاوس فل 5 صرف 56 ہزار پاونڈ(تقریبا 2 کروڑ روپے)ہی کماسکی۔فلم نے نہ صرف فلمی تجزیہ کاروں کو حیران کیا بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو بھی فخر کا احساس دلایا۔شائقین نے لو گرو کو ایک تفریحی فلم قرار دیا، جس میں پاکستانی ثقافت کی جھلک کے ساتھ جدید سینما کے تقاضے بھی شامل ہیں۔ خاص طور پر بیرون ملک شائقین نے اس فلم کو مثبت تبصرے دیے اور اسے بولی وڈ کے مقابلے میں بہتر تجربہ قرار دیا۔
Comments are closed.