واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے مذاکرات طے کر لیے ہیں، مناسب وقت پر پابندیاں بھی اٹھا لیں گے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوٴس میں ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں اطراف کے تمام ممالک سے شاندار تعاون ملا ہے، ہر ایک نے تعاون کیا ہے لہٰذا کچھ اچھا ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے اب ہمیں ایران پر حملے کی ضرورت نہیں پڑیگی ۔ ایران کی ایٹمی تنصیبات کو مکمل طور پر ناکارہ بنایا گیا ہے، تاہم امریکہ سفارتی حل کو ترجیح دے رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی رکوانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں، اور ان کے درمیان جنگ کو روک کر ہم نے دنیا کو ممکنہ تباہی سے بچایا۔ ہم نے دونوں ملکوں کو جنگ کے بجائے تجارت کی پیشکش کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ختم ہو چکی ہے۔ ہمارے لیے یہ ایک بڑی مشترکہ کامیابی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے تمام پڑوسی ممالک کشیدگی کم کرنے میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر جاری حملوں کا نہ رکنا باعثِ تشویش ہے۔ ہم یوکرین کے دفاع کے لیے مزید ہتھیار فراہم کریں گے۔معاشی امور پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے، جبکہ چند ممالک کے لیے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اور اسرائیل کو حالیہ اقدامات کے نتیجے میں شاندار فتح حاصل ہوئی ہے۔
Comments are closed.