اسرائیلی وزیراعظم بیجمن نیتن یاہو نے بھی ٹرمپ کوامن کے نوبیل انعام کیلئے نامزد کردیا

واشنگٹن (آن لائن) اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا ہے، اور اس حوالے سے ایک خط نوبیل کمیٹی کو بھی بھیجا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بینجمن نیتن یاہو نے ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وہ خط بھی پیش کیا جو انہوں نے نوبیل امن انعام کے لیے نامزدگی کے طور پر کمیٹی کو بھیجا تھا، ٹرمپ اس پر خوش دکھائی دیے اور نیتن یاہو کا شکریہ ادا کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے وائٹ ہاوٴس میں ٹرمپ کے ساتھ عشائیے کے دوران کہاکہ ’وہ اس وقت بھی، جب ہم یہاں موجود ہیں، ایک کے بعد دوسرے ملک اور ایک کے بعد دوسرے خطے میں امن قائم کر رہے ہیں‘۔ ٹرمپ نے شکوہ کیا ہے کہ ناروے کی نوبیل کمیٹی نے بھارت اور پاکستان، نیز سربیا اور کوسووو کے درمیان ان کے ثالثی کردار کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے مصر اور ایتھوپیا کے درمیان امن قائم رکھنے اور اسرائیل اور کئی عرب ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لانے والے معاہدہ ابراہیمی کی ثالثی کا کریڈٹ بھی مانگا ہے۔

Comments are closed.